چنئی،24نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)انوپم سنکلیچا اور محسن سید کی عمدہ بولنگ سے مہاراشٹر نے رنجی ٹرافی گروپ بی میچ کے چوتھے اور آخری دن آج یہاں آسام کو اننگز اور 52رنز سے شکست دے کر بونس پوائنٹس سمیت سات پوائنٹس حاصل کئے۔فالوآن کا سامنا کرنے والی آسام کی ٹیم آج چھ وکٹ پر 115رن سے آگے کھیلنے اتری اور کپتان کے بی ڈاؤن ارون کارتک(ناٹ آؤٹ 87)اور سوروپم پرکایستھ(69)کی نصف سنچریوں اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کی 91رنز کی شراکت داری کے باوجود 234رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پہلے اننگز میں آٹھ وکٹ چٹکانے والے سکلیچا نے دوسری اننگز میں بھی 71رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔سید نے 47رنز دے کر چار بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔اس جیت سے مہاراشٹر کے چھ میچوں میں 21پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ آسام کے سات میچوں میں آٹھ ہی پوائنٹس ہیں۔